مشہور ہالی ووڈ اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

مشہور ہالی ووڈ اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
کیپشن: مشہور ہالی ووڈ اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق چائلڈ اسٹار ڈیوگ چیس 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، جس کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوگ چیس نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری میں غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی اور وہ خصوصاً ہارر فلم “دی رنگ” اور ڈزنی کی مقبول اینی میٹڈ فلم “لیلو اینڈ اسٹیچ” میں اپنی یادگار اداکاری اور آواز کی وجہ سے پہچانی جاتی تھیں۔

اداکارہ کے قریبی ساتھی اور بوائے فرینڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان کا انتقال منگل کے روز ہوا۔ ان کے مطابق ڈیوگ چیس ایک سنگین بیماری میں مبتلا تھیں اور رواں ماہ کے آغاز میں انہیں لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

ڈیوگ چیس نے 2002 کی سپر ہٹ اینی میٹڈ فلم “لیلو اینڈ اسٹیچ” میں مرکزی کردار “لیلو” کو اپنی آواز دے کر عالمی شہرت حاصل کی۔ ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا، جس کے بعد انہوں نے اسی کردار پر مبنی ٹی وی سیریز میں بھی اپنی آواز سے کردار کو زندگی بخشی۔

ان کے انتقال کی خبر کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی فنی خدمات کو ہالی ووڈ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News