ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز کا آغاز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شاندار انداز سے ہو گیا، جہاں شائقین کرکٹ نے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق افتتاحی میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ میچ سے قبل کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ وطن کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے اور انہوں نے میچ براہ راست دیکھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔
قومی ترانے کی دھن پر جیسے ہی اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اور " پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونجا، فضا حب الوطنی سے معمور ہو گئی۔
پی ایس ایل کے بقیہ تین میچز کو آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے نام منسوب کیا گیا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ان مقابلوں کا دوبارہ انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔آرمی چیف کی موجودگی کے باعث عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
یاد رہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے باعث پی ایس ایل کے کچھ میچز ملتوی کر دیے گئے تھے، تاہم اب ان کا کامیاب آغاز قومی حوصلے اور اتحاد کی نئی مثال بن چکا ہے۔