ویب ڈیسک: پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے مودی حکومت، بزدل بھارتی فوج اور ایجنسیوں کو ناکوں چنے چبوا دیے، دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ جس کے جواب میں نماز فجر کے بعد پاکستان نے دشمن کے گھر گھس اس کو بھرپور جواب دیا ، بھارت کا مضبوط دفاعی نظام ایس 400 تباہ کردیا گیا مگر مودی اس کو جھٹلاتا رہا، اب ایک اور اہم ثبوت سامنے آچکا ہے۔
11 مئی کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پاک فوج نے 2 مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کوکامیابی سے نشانہ بنایا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر ایس 400 کو نشانہ بنانے کے ثبوت بھی فراہم کیے تھے۔
تاہم بھارت کی جانب سے اس کی تردیدکی گئی اور گزشتہ روز تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی خود آدم پور ائیر بیس پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایس 400 سسٹم کے صرف میزائل لانچرکے سامنے تصاویر بنوائیں اور سسٹم کے بقیہ اہم جز گول کرگئے۔
بھارتی فوجیوں سے خطاب میں مودی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے حملوں میں ہمارےکسی ائیر بیس اور ائیرڈیفنس سسٹم پر آنچ تک نہیں آئی، ایس 400 بیٹری سسٹم کی تباہی کا اب ایک اور ثبوت خود بھارت کے اندر سے سامنے آگیا ہے۔
ایک ہندی زبان کی مقامی نیوز ویب سائٹ نے انجانے میں مودی سرکار اور بھارتی فوج کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا ہے۔بھارتی اخبار دی نیو انڈین ایکسپریس نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ جنگ میں پاکستانی حملے میں بہار سے تعلق رکھنے والا رام بابو پرساد نامی بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رام بابو ایس 400 کا آپریٹر تھا۔
رام بابو کے گھر والوں کو بتایا گیا کہ ان کیا بیٹا ایل او سی پر پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے تاہم اگر وہ ایس 400 کا آپریٹر تھا تو ایل او سی پر اس کی تعیناتی کا بیان بھارتی فوج کی جانب سے معاملہ چھپانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔
