اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم پیش رفت

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم پیش رفت
کیپشن: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم پیش رفت

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی مقامی حکومت کے قانون کی سیکشن 15 میں کی گئی ترمیم آئین سے مطابقت نہیں رکھتی۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اسے الیکشن ایکٹ کے تحت اپنے افسران تعینات کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

ای سی پی کے مطابق کمیشن سرکاری افسران، عدلیہ یا دیگر سرکاری اداروں سے ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز تعینات کر سکتا ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یونین کونسل کا سیکرٹری مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے کی ذمہ داری پوری کرنے کا اہل نہیں ہے، جبکہ مخصوص نشستوں کے انتخابات صرف الیکشن کمیشن کے نامزد کردہ افسران ہی کرائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ وہ اسلام آباد میں لوکل باڈیز الیکشن کے لیے یونین کونسل کے سیکریٹریز تعینات کرنے کا پابند نہیں، کیونکہ یہ ذمہ داری آئینی طور پر خود کمیشن پر عائد ہوتی ہے۔ فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور کمیشن مقامی حکومت کی مدت پوری ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

ای سی پی کے مطابق اسلام آباد کی مقامی حکومت کی مدت 14 فروری 2021ء کو مکمل ہو چکی تھی۔

Watch Live Public News