(ویب ڈیسک ) چین میں 31 دسمبر تک شادی کرنے والوں کیلئے کیش انعامات کا اعلان کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، مشرقی شہر نِنگبو میں اگر کوئی جوڑا 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان اپنی شادی رجسٹر کرواتا ہے تو اسے خصوصی واؤچرز دیے جائیں گے۔
یہ اقدام نوجوانوں کو شادی اور خاندانی زندگی کی طرف مائل کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ گزشتہ برس ملک میں شادیوں کی تعداد ریکارڈ حد تک کم رہی۔ اس کمی کی بنیادی وجہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات بتائے جا رہے ہیں۔
نِنگبو کے سول افیئرز ڈپارٹمنٹ نے اپنی سرکاری وی چیٹ پوسٹ میں بتایا ہے کہ نئے شادی شدہ جوڑے ایک ہزار یوآن مالیت (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) کے واؤچرز حاصل کر سکیں گے۔ یہ واؤچرز شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل میں رہائش اور شادی سے متعلق دیگر اخراجات پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ان کی تعداد محدود ہے اور ان کا اجرا ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اسی نوعیت کے اقدامات چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی کیے گئے ہیں، جہاں سال کے اختتام تک جوڑوں کو کیش واؤچرز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چینی حکومت کے لیے نوجوان نسل میں شادی اور بچے پیدا کرنے کے رجحان کو فروغ دینا ایک اہم چیلنج بن چکا ہے۔ اگرچہ چین کی آبادی 1.4 ارب کے ساتھ دنیا کی دوسری بڑی آبادی ہے، مگر تیزی سے بڑھتی ہوئی عمر رسیدگی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔
گزشتہ سال اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکام نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ طلبہ کو شادی، محبت اور خاندانی زندگی کے بارے میں مثبت سوچ اپنانے کی تربیت دیں، جسے "محبت کی تعلیم" کا نام دیا گیا۔