'حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی'

'حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی'
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے مشترکہ وفد کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی، ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی اور اہلِ صحافت کیخلاف حکومتی سطح پر روا رکھے جانے والی فسطائیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں میڈیا کارکنان کو درپیش مسائل اور فلاحی اقدامات کی ضرورت پر بھی مفصل بات چیت کی گئی، تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک اور اسکے ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے بقاء و تسلسل پر اثرات بھی زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی سے عبارت ہے، عدل و انصاف کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے بغیر خوشحال معاشرے کی تشکیل کا تصور ہی محال ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے محض اپنے مفادات کیلئے دستور و قانون کی پامالی کا کلچر پروان چڑھایا ہے، امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی خصوصاً میڈیا پر اعلانیہ و غیر اعلانیہ بندشوں کی نظیر کسی آمر کے دور سے لانا بھی ناممکن ہے، دہشت گردی کے پرچوں سے اندراج سے چینلز کی بندشوں تک ہر حربہ آزمایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ محض رائے کے اظہار پر بزرگ سینیٹر اعظم سواتی سمیت دیگر سیاسی کارکنان اور صحافیوں پر زیرحراست تشدد جیسی شرمناک روایت زندہ کی گئی، تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم و دانش پر لازم ہے کہ ظلم و لاقانونیت کیخلاف کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر آواز بلند کریں، دستور و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تحریک کو بھرپور انداز میں منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاری کررہے ہیں، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔