ویب ڈیسک: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے رہنما ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدہ ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی اور قیادت کی بہترین حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔
ایس ایم تنویر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ معاہدہ اس بات کی ضمانت ہے کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور ہوگا۔ اس سے نہ صرف پاکستان کا علاقائی کردار مضبوط ہوا ہے بلکہ سعودی عرب کے ساتھ اس کی دفاعی شراکت داری بھی مزید مستحکم ہوئی ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ سعودی عرب میں وزیرِاعظم شہباز شریف کا شاہی ایئر فورس کی جانب سے خصوصی استقبال دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور اس معاہدے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے کیونکہ اس معاہدے سے خطے میں پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو مزید تقویت ملے گی۔
یہ دفاعی تعاون نہ صرف دشمن کو جارحیت سے روکنے میں مددگار ہوگا بلکہ خطے میں امن و استحکام قائم کرنے اور اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ایس ایم تنویر پاکستان کی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے مقام کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ ہماری قیادت کی غیر معمولی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور آنے والے برسوں میں اس کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔