ویب ڈیسک: سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس ہفتے کے آغاز میں انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کا قائم مقام کمشنر مقرر کیے گئے گیری شیپلے اب اس عہدے پر خدمات انجام نہیں دیں گے۔ یہ فیصلہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے دفتر کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ان کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مائیکل فالکینڈر، جو اس وقت نائب وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اب آئی آر ایس کی عبوری قیادت سنبھالیں گے۔
گیری شیپلے کو ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک اور کانگریس کے ریپبلکن اراکین کی حمایت حاصل تھی، جبکہ وزیر خزانہ بیسنٹ کے دفتر کو ان کی تعیناتی پر تحفظات تھے۔ بیسنٹ اس وقت بیرونِ ملک تھے جب ٹرمپ نے شیپلے کی تقرری کا اعلان کیا۔
شیپلے کی تقرری اور اچانک برطرفی
شیپلے کی بطور کمشنر تعیناتی منگل کو عمل میں آئی، جس نے آئی آر ایس کے اندر کئی اعلیٰ افسران میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ انہوں نے ہنٹر بائیڈن کی تحقیقات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور کانگریس میں بطور مخبر (whistleblower) بیان دیا تھا، جس میں ریپبلکنز نے انصاف کے اداروں پر جانبداری کا الزام لگایا۔
تاہم چند ہی دن بعد، ان کی برطرفی کی خبر نے IRS میں ہونے والے مسلسل اکھاڑ پچھاڑ کو مزید واضح کر دیا۔
وزیر خزانہ کی وضاحت اور نیا عبوری سربراہ
وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ "IRS میں اعتماد کی بحالی ضروری ہے" اور انہوں نے فالکینڈر پر مکمل اعتماد ظاہر کیا کہ وہ "اس وقت کے لیے صحیح انتخاب ہیں۔"
انہوں نے شیپلے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ اب بھی وزارت خزانہ میں سینئر مشیر کے طور پر ان کے ساتھ رہیں گے اور ہنٹر بائیڈن کیس میں مبینہ سیاسی مداخلت کی داخلی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں ایک اور اعلیٰ سرکاری عہدہ دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فالکینڈر IRS کو ایک "زیادہ مؤثر، زیادہ شفاف اور عوام دوست ادارہ" بنانے کی عبوری کوششوں کی قیادت کریں گے، اور کانگریس پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد مستقل کمشنر کی توثیق کرے۔
فالکینڈر کا پس منظر
فالکینڈر ماضی میں بھی ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں خزانہ کے معاون سیکریٹری برائے اقتصادی پالیسی رہ چکے ہیں۔ انہیں مارچ میں 53 کے مقابلے میں 43 ووٹوں سے سینیٹ نے نائب وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات کیا۔
انہوں نے سینیٹرز کو تحریری جوابات میں واضح کیا کہ IRS کو ٹیکس کوڈ کو "غیر جانبداری سے نافذ" کرنا چاہیے، اور عام شہریوں و چھوٹے کاروباروں پر "غیر ضروری اور سخت آڈٹس" پر تحفظات ظاہر کیے۔
شفافیت اور پرائیویسی کا عزم
فالکینڈر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ IRS کو سیاسی دباؤ سے محفوظ رکھیں گے اور ٹیکس دہندگان کی پرائیویسی کو ہر ممکن تحفظ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ"ٹیکس گوشواروں کی حفاظت ٹیکس دہندگان کے اعتماد اور پورے نظام کی ساکھ کے لیے نہایت اہم ہے۔"