ویب ڈیسک: وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ سکیورٹی اور امن و سلامتی سے متعلق مذاکرات کرنے کیلئے کابل پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سکیورٹی اور امن و سلامتی سے متعلق مذاکرات کرنے کیلئے کابل پہنچے جہاں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ان کا استقبال کیا، اعلیٰ سطح کا وفد بھی نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ کابل پہنچا ہے۔
تر جمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن سفیر عبید الرحمان نظامانی اور سفارتخانے کے افسران بھی موجود تھے۔

نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، کوشش ہو گی کہ دونوں ممالک مل کر کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کچھ عوصے سے دونوں ممالک کے درمیان سرد مہری رہی ہے، وزیراعظم سمیت سب کی خواہش ہے کہ تعلقات بہتر ہوں۔
کابل میں اسحاق ڈار افغان عبوری وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم برائے اقتصادی امور سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ان مذاکرات میں سکیورٹی، تجارت، بارڈر مینجمنٹ، رابطوں اور عوامی تعلقات جیسے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
