ویب ڈیسک: 26 نومبر احتجاج کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی کے مزید چار کارکنوں کو سزا سنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے چاروں ملزمان کو سزا سنائی۔ سزا ضلعی اٹک کے تھانہ انجرا کے مقدمہ نمبر 212 میں سنائی گئی۔
ملزمان میں جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان شامل ہیں۔ جنہیں چار چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔جج امجد علی شاہ کے روبرو چار ملزمان نے اقبال جرم کیا، جج نے ملزمان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے استغاثہ کی جانب سے ملزمان پر الزامات عدالت کو بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر پولیس اور ریاستی املاک پر حملہ کیا، ملزمان ریاست کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقص امن کا باعث بنے۔
ملزمان نے الزامات کا دفاع نہیں کیا اور الزامات کو قبول کر لیا۔ ملزمان نے اقبالی بیان دیا کہ قیادت کے اکسانے پر احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ میں شامل ہوئے۔
ملزمان نے استدعا کی کہ غریب ہیں، عدالت سے رحم کی اپیل ہے۔
اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے چار چار ماہ قید کی سزا سنا دی، عرصہ حوالات بھی سزا میں شامل ہوگا۔