لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپنی آئین شکنی بچانے کے لئے امپورٹڈ حکومت اب عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی راہنما شہباز گل کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں۔،اپنی آئین شکنی بچانے کے لئے امپورٹڈ حکومت اب عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اس کے ورکر ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ ڈالی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ خود کو جو معیشت کے چیمپین سمجھتے تھے آج کل منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ پارٹی کا ورکر پارٹی کے نظرئیے کے ساتھ کھڑا ہے۔ آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، اور سوشل میڈیا ونگ میں سے پارٹی کے نظریاتی نوجوانوں کو کم از کم دس فیصد ٹکٹیں دینے کی درخواست کرتا ہوں۔ شہباز گل نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں درخواست کی کہ جو پارٹی ورکرز مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوئے اس کو الیکٹیبل پر ترجیح دی جائے۔