آزاد اراکین کیلئےسیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری روز

آزاد اراکین کیلئےسیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری روز
کیپشن: آزاد اراکین کیلئےسیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری روز

ویب ٖڈیسک:  آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سہولت ڈیسک قائم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ میں سہولت ڈیسک قائم کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدواروں کو پارٹی سربراہ کا اصل بیان حلفی سہولت ڈیسک پر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تحریک انصاف کے نامزد کامیاب آزاد ارکان قومی اسمبلی کے پاس کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے صرف ایک دن رہ گیا، آزاد امیدواروں کو آرٹیکل 106 کے تحت تین روز میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوتا ہے۔

ہفتے کو جاری ہونے والے گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد قومی اسمبلی کے نومنتخب ایم این ایز کو آج بروز پیر تک کسی بھی سیاسی جماعت میں لازمی شمولیت اختیار کرنی ہوگی جبکہ جن ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن اتوار کو جاری ہوا ان کو منگل تک کسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کرنا ہوگا۔

تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے دو روز میں فیصلہ کرنا ہوگا جبکہ ارکان قومی اسمبلی کے پاس صرف 24 گھنٹے کا وقت ہے۔