ویب ڈیسک: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فوجی حملہ آئندہ چند روز میں کیا جا سکتا ہے، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ کارروائی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور عسکری و سیاسی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ بھی اس معاملے پر مشاورت اور غور و فکر میں مصروف ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوجی اہلکاروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور خطے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
دوسری جانب ممکنہ امریکی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بنکرز کے قریب رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو ایران کی طرف سے جوابی کارروائی کے طور پر اسرائیل پر میزائل حملوں کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور قریبی محفوظ مقامات سے آگاہ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔