ویب ڈیسک: ایپل کمپنی کی جانب سے رواں سال کے ستمبر میں آئی فون 18 پرو متعارف کروائے جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں، حتمی تاریخ کا اعلان کمپنی کی جانب سے کیا جائے گا تاہم اس کے ڈیزائن اور فیچرز سے متعلق کئی اہم تفصیلات پہلے ہی منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 پرو کا مجموعی ڈیزائن بڑی حد تک اپنے پیشرو جیسا ہوگا، تاہم اس میں جدید 6.3 انچ ڈسپلے، انڈر اسکرین فیس آئی ڈی اور اسکرین کے اوپری بائیں کونے میں فرنٹ کیمرا شامل کیے جانے کا امکان ہے، کیمرہ سسٹم میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے، جس میں کم از کم ایک پچھلے کیمرے کے لیے ویری ایبل اپرچر اور نیا کیمرا کنٹرول بٹن شامل ہو سکتا ہے۔
iPhone18 Pro/折りたたみiPhoneのディスプレイサプライヤー決定と報道https://t.co/CQLZq7N48L pic.twitter.com/iIZQmvXto8
— iPhone Mania (@iPhoneMania_jp) January 19, 2026
نئے فون میں ایپل کا طاقتور A20 پرو چِپ نصب کیے جانے کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، جو کارکردگی اور بیٹری ایفیشنسی میں بہتری فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ میگ سیف چارجنگ کے لیے پچھلے سیرامک شیلڈ کے ڈیزائن میں تبدیلی، 5G کنیکٹیوٹی کے لیے ایپل کا اپنا تیار کردہ موڈیم، اور وائی فائی 7، بلوٹوتھ 6 اور تھریڈ سپورٹ کے لیے نیا اِن ہاؤس چِپ شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میں سیٹلائٹ کے ذریعے ویب براؤزنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جا سکتی ہے، جبکہ نئے رنگوں کے آپشنز میں برگنڈی، براؤن اور پرپل جیسے شیڈز شامل ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب آئی فون 18 پرو میکس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بڑی بیٹری کے باعث قدرے موٹا ہوگا اور اس میں 6.9 انچ ڈسپلے دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل اس بار مرحلہ وار لانچ پالیسی اختیار کر سکتا ہے، جس کے تحت آئی فون 18 کے پرو ماڈلز رواں سال کے آخر میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کی ریلیز 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ اگرچہ یہ تمام معلومات افواہوں پر مبنی ہیں، تاہم ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان تک ٹیکنالوجی شائقین کی دلچسپی برقرار رہنے کی توقع ہے۔