حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین معاملات طے, دھرنا ختم کرنے کا اعلان

حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین معاملات طے, دھرنا ختم کرنے کا اعلان

(ویب ڈیسک )    حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد ٹی ایل پی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک لبیک کے رہنماﺅں نے  پریس کانفرنس کی۔اس دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  تحریک لبیک فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف احتجاج پر موجود ہے، حافظ سعد رضوی کے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مطالبات تھے۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کے لئے اپنی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے گی،تحریک لبیک بھی ان کوششوں میں اپنی معاونت فراہم کریں گے، حکومت 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لئے امداد کی کھیپ روانہ کرے گی،ایک ہزار ٹن سے زائد خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  غزہ پر حملے کے بعد اسرائیل دہشت گرد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، نیتن یاہو دہشت گرد ہے، ہمارا اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  مسلم امہ سمیت پوری دنیا کو فلسطین میں مظالم بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،اسرائیل سے متعلقہ مصنوعات اور پروڈکٹس اور اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا،اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ٹی ایل پی کے دوستوں کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں۔

قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ  تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) اور حکومت کے درمیان  مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔دونوں فریقین کے مابین معاملات طے پاگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ   تحریک لبیک اپنا دھرنا ختم کرنے  کیلئے تیار ہے۔ اس حوالے سے  کچھ دیر میں حکومتی وزرا اور ٹی ایل پی رہنما  باقاعدہ اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ   تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر فلسطین کے حق میں دھرنا   دیا گیا ہے۔ 

چند روز قبل  سربراہ تحریک لبیک علامہ سعد رضوی نے 3 مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔جس کے بعد  تحریک لبیک کے کارکنان نے فیض آباد فلائی اوور کے اوپر اور نیچے اسلام آباد ایکسپریس وے پر دھرنا دے دیا ۔

Watch Live Public News