ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات حکومت کی غفلت یا نااہلی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک قدرتی آفت کا اثر ہیں۔
پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی ریلوں سے متعلق اجلاس میں بریفنگ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ جہلم، چکوال اور راولپنڈی میں پانی کی سو فیصد نکاسی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ اسپیل سے پہلے ہی تمام اقدامات مکمل کر لیے جائیں، کیونکہ 21 جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پنجاب بھر میں 100 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں، جس سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔