ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کی جانب سے فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کے باعث لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں کچھ بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے، جہاں اے کیو آئی 206 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ فیصل آباد میں اے کیو آئی 349، گوجرانوالہ میں 344 جبکہ ملتان میں 272 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 407 تک پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب قومی ادارۂ صحت نے سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ادارۂ صحت کے مطابق فضا میں موجود زہریلے مادّے سردی کے شدید موسم کے ساتھ مل کر نمونیا سمیت دیگر سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں، جبکہ سموگ صحت، معیشت اور معیارِ زندگی پر بھی منفی اثرات ڈال رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سموگ کے خطرات زیادہ ہیں۔ شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو ماسک کے لازمی استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔