(ویب ڈیسک)74 سالہ بھارتی شخص نے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا تاکہ دیکھ سکے کہ جنازے میں کون شریک ہوتا ہے۔
بھارتی ریاست بہار کے گاؤں کنچی میں اس وقت سب حیران رہ گئے جب یہ خبر پھیلی کہ 74 سالہ سابق ایئرفورس اہلکار موہن لال کا انتقال ہو گیا ہے۔ گاؤں میں جنازے نکالا گیا، لوگوں نے افسوس کیا اور مذہبی رسومات میں بھی شریک ہوئے — لیکن اس سب کا انجام غیر متوقع تھا۔
جنازے کے دوران جیسے ہی موہن لال اچانک اپنے کفن سے اٹھے، لوگ حیرت اور صدمے میں آ گئے۔
جلد ہی یہ انکشاف ہوا کہ یہ سارا واقعہ ایک 'جنازے کا ڈرامہ' تھا، جو موہن لال نے خود رچایا تھا تاکہ جان سکے کہ ان کے مرنے پر کون کون افسوس کرتا ہے اور انہیں کتنی عزت دی جاتی ہے۔
موہن لال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرنے کے بعد لوگ ارتھی اٹھاتے ہیں، لیکن میں چاہتا تھا کہ اپنی زندگی میں خود یہ منظر دیکھوں کہ لوگ مجھے کتنی عزت اور محبت دیتے ہیں۔
انہوں نے اپنے کچھ رشتہ داروں کی مدد سے اپنی جھوٹی موت کی خبر پھیلائی اور خود کو خوبصورت طریقے سے سجی ہوئی ارتھی پر رکھوا کر شمشان گھاٹ لے جایا گیا تاکہ سب کچھ حقیقی لگے۔
گاؤں والوں کی بڑی تعداد جنازے میں شریک ہوئے۔جس سے موہن لال کو خوشی ہوئی کہ لوگ ان سے محبت اور عزت کرتے ہیں۔
بعد ازاں لوگوں کی ناراضی کو کم کرنے کے لیے موہن لال نے ایک بڑی دعوت بھی دی جس میں گاؤں والوں کو مدعو کیا گیا۔
اس انوکھے عمل پر گاؤں والے حیران تو ضرور ہوئے، مگر کچھ نے اسے ایک ضعیف شخص کی جذباتی خواہش قرار دے کر معاف بھی کر دیا۔