ویب ڈیسک: سان فرانسسکو سے ممبئی جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز AI180 میں لال بیگوں کی موجودگی نے مسافروں کو پریشان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز جب کلکتہ میں عارضی قیام کے دوران رکی تو دو مسافروں نے جہاز میں متعدد چھوٹے کاکروچ دیکھے، جس کے بعد ایئرلائن عملے نے فوری طور پر دونوں مسافروں کی نشستیں تبدیل کر دیں اور طیارے کی گہرائی سے صفائی کروائی گئی۔
ائیر انڈیا کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے سان فرانسسکو سے ممبئی براستہ کلکتہ جانے والی پرواز میں چند لال بیگ موجود تھے جن کی وجہ سے دو مسافر متاثر ہوئے۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ فیومیگیشن کے باوجود بعض اوقات کیڑے مکوڑے جہاز میں داخل ہو جاتے ہیں، تاہم کلکتہ اسٹاپ پر طیارے کو مکمل طور پر صاف کیا گیا تاکہ باقی سفر متاثر نہ ہو۔
ائیر انڈیا نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔