بارشوں میں محفوظ رہنے کیلئےمفید احتیاطی تدابیر

بارشوں میں محفوظ رہنے کیلئےمفید احتیاطی تدابیر
کیپشن: بارشوں میں محفوظ رہنے کیلئےمفید احتیاطی تدابیر

ویب ڈیسک: برسات کے موسم میں حادثات اور جانی نقصان ایک عام بات بنتے جا رہے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اگر شہری تھوڑی سی احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو بہت سے خطرناک حالات سے بچا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق یہ آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

یقیناً قدرتی آفات جیسے کلاؤڈ برسٹ یا سیلاب سے بچنا آسان نہیں ہوتا، لیکن عام بارشوں سے بچاؤ کے لیے چند حفاظتی اقدامات اختیار کرکے نہ صرف اپنی جان بلکہ قیمتی سامان کو بھی محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔

بارش میں باہر نکلنے کی صورت میں چھتری اور رین کوٹ لازمی اپنے ساتھ رکھیں تاکہ نہ صرف آپ بلکہ آپ کا سامان بھیگنے سے محفوظ رہے۔ موبائل فون یا دیگر قیمتی اشیاء کے لیے پلاسٹک بیگ کا استعمال بھی مفید رہتا ہے۔ اسی طرح گھروں میں پانی داخل ہونے سے بچانے کے لیے کھڑکیاں اور دروازے اچھی طرح بند رکھنا ضروری ہے۔

ہر سال بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات کئی جانیں لے لیتے ہیں، اس لیے بجلی کے کھمبوں اور خاص طور پر گرے ہوئے تاروں سے دور رہیں۔ اسی طرح کھڑے پانی سے گزرنے سے گریز کریں کیونکہ اکثر کھلے مین ہول یا گٹر پانی میں چھپے ہوتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔

گاڑی چلانے والوں کے لیے ہدایت ہے کہ بارش میں رفتار کم رکھیں، اچانک بریک لگانے سے پرہیز کریں اور بڑی گاڑیوں سے فاصلہ رکھیں۔ گھر کے اندر برقی آلات کو ان پلگ رکھیں تاکہ وولٹیج کے اتار چڑھاؤ سے نقصان نہ ہو۔ اگر بارش کے ساتھ آسمانی بجلی بھی کڑک رہی ہو تو نلکے اور شاور کے استعمال سے اجتناب کریں کیونکہ اس کے ذریعے کرنٹ منتقل ہوسکتا ہے۔

یہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے بارش کا موسم زیادہ محفوظ اور پُرسکون گزارا جا سکتا ہے۔

Watch Live Public News