(ویب ڈیسک ) علی رضا: میانہوا لائبریری، جو چین کے صوبہ گوانشی کے گاؤں میانہوا کے قریب واقع ہے، ایک منفرد لائبریری ہے جو ایک بڑی قدرتی غار میں، ایک چٹان کے کنارے پر قائم کی گئی ہے۔
یہ لائبریری مئی میں کھلنے کے بعد سے چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ عام طور پر لائبریریاں آن لائن مقبول نہیں ہوتیں، لیکن یہ کوئی عام لائبریری نہیں ہے؛ یہ کتابوں سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ان مسافروں کے لیے بھی ایک شاندار مقام ہے جو قدرتی خوبصورتی کے متلاشی ہیں۔
بلند و بالا چٹان کے کنارے پر قائم، سرسبز و شاداب مناظر سے گھری یہ لائبریری کسی اے آئی تخلیق کی طرح لگتی ہے، لیکن یہ حقیقت میں موجود ایک جگہ ہے جہاں کوئی بھی جا سکتا ہے — بس اس تک پہنچنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔

لائبریری کی بیرونی ساخت پہلا تاثر ہی حیران کن بناتی ہے، جس میں لکڑی کے بنے ہوئے راستے اور بالکونیاں چٹان سے لٹکی ہوئی ہیں، لیکن اصل جادو اس کے اندر ہے۔ میانہوا لائبریری ایک وسیع غار کے اندر واقع ہے، جس کی بے ترتیب دیواروں پر ہزاروں کتابیں سجائی گئی ہیں۔

یہ لائبریری اگرچہ دیہی علاقے میں قائم ہے اور مقامی کمیونٹی کو کتابوں تک رسائی فراہم کرتی ہے، تاہم اب یہ زیادہ تر سیاحتی مقام بن چکی ہے، جہاں پورے چین سے لوگ کھنچے چلے آتے ہیں۔

اگر آپ مزید حیرت انگیز بک اسٹورز دیکھنا چاہتے ہیں تو چین کے شہر ڈوجیانگ یان کی ژونگ شوگے لائبریری اور آسٹریا میں واقع دنیا کی سب سے بڑی خانقاہی لائبریری ایڈمونٹ ایبی کو ضرور دیکھیں۔