اسلام آباد میں غیرقانونی کال سینٹر پر چھاپا، 275 غیرملکی گرفتار

اسلام آباد میں غیرقانونی کال سینٹر پر چھاپا، 275 غیرملکی گرفتار
کیپشن: اسلام آباد میں غیرقانونی کال سینٹر پر چھاپا، 275 غیرملکی گرفتار

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کال سینٹر چلانے کے الزام میں 275 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق کارروائی سیکٹر آئی-10 تھری میں کی گئی، جہاں کال سینٹر میں مبینہ طور پر غیرقانونی سرگرمیاں جاری تھیں۔ گرفتار افراد میں چین سمیت مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق کال سینٹر انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی مواد تیار کرنے کے لیے غیرملکی خواتین اور مردوں کو بھرتی کیا گیا تھا۔

گرفتار افراد کے خلاف ایف آئی اے نے فارن ایکٹ جبکہ این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔

حکام کے مطابق تمام گرفتار غیرملکی وزٹ اور بزنس ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 76 غیرملکیوں کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کے ایگزٹ پرمٹس کی تیاری جاری ہے۔

حکام نے کال سینٹر کی مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تحقیقات جاری رکھنے کا بتایا ہے۔

Watch Live Public News