ویب ڈیسک: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا باقاعدہ اعتراف کرتے ہوئے آئندہ جائزہ مشن کا اعلان کر دیا ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا وفد 25 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ان کے مطابق یہ وفد توسیعی فنڈ سہولت ( ای ایف ایف) پروگرام کے تحت تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے پر پاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا۔
جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت اختیار کی گئی پالیسیوں سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025 کے دوران پاکستان کی مالی کارکردگی مضبوط رہی اور ملک نے جی ڈی پی کے 1.3 فیصد کے برابر بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جو پروگرام کے طے شدہ اہداف کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح قابو میں رہی جبکہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے 14 برس بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی ریکارڈ کیا، جو معاشی بہتری کی ایک اہم علامت ہے۔