ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے بینک نوٹ متعارف کرانے کے معاملے پر ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو اس بابت تفصیلی سفارشات مرتب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، کابینہ کمیٹی سے خاص طور پر اس بات پر سفارشات طلب کی گئی ہیں کہ نئے نوٹوں کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد انسانی صحت کے لیے محفوظ ہے یا نہیں۔
کمیٹی نئے کرنسی نوٹوں کے مواد کی حفاظت، معیار اور صحت پر ممکنہ اثرات کا جامع جائزہ لے گی۔ اس عمل میں یہ بھی جانچا جائے گا کہ آیا نوٹوں میں استعمال ہونے والا مواد کسی قسم کے خطرات یا نقصانات کا باعث تو نہیں بنتا۔
وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے واضح ہدایت دی ہے کہ نوٹوں میں استعمال ہونے والے تمام مواد کا مفصل تجزیہ کیا جائے، تاکہ عوام کی صحت پر کسی بھی منفی اثرات سے بچا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ نوٹ انسانی استعمال کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہوں۔
کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے بینک نوٹوں کے اجرا کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔