ویب ڈیسک: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پورے ملک کی 90 فیصد عمارات میں فائر الارم اور ایمرجنسی ایگزٹ کی سہولت موجود نہیں ہے، جس سے حفاظتی اقدامات کی کمی کی نشاندہی ہوتی ہے۔
کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی واقعے کی تمام وجوہات کا جائزہ لے گی اور رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام محرکات عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ جن لاشوں کی شناخت ممکن نہیں ہو رہی، ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو ڈی این اے سیمپل فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ گل پلازہ میں کھلونوں اور الیکٹرانک اشیاء کی دکانیں تھیں، جن میں بیٹریز کی موجودگی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری فیصلے کرے گی اور ملک بھر میں عمارات کی حفاظتی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔