(ویب ڈیسک ) ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا وقت تبدیل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں آج شام 6 بجے ہوگی، آج گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لیں گے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کل صبح 11 بجے مخصوص نشستوں پر حلف لیں گے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس میں کل صبح 9 بجے حلف برداری کی تقریب ہوگی، سینیٹ الیکشن کا عمل کل 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ایف سی کو سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
قبل ازیں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ عتیق شاہ نے مخصوص نشستوں پر اراکین کا حلف لینے کیلئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس ہائیکورٹ عتیق شاہ کو اراکین سے حلف لینے کیلیے کسی کو نامزد کرنے کا خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس آرٹیکل 255 (2) کے تحت کسی بھی ممبران سے حلف لینے کیلیے نامزد کر سکتے ہیں۔