آبنائے ہرمز کھلی ہے، امریکی فوج نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کر دیا

آبنائے ہرمز کھلی ہے، امریکی فوج نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کر دیا
کیپشن: آبنائے ہرمز کھلی ہے، امریکی فوج نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کر دیا

ویب ڈیسک: امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹکام کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 جون کو عالمی سطح پر اہم سمجھے جانے والے اس بحری راستے سے 50 سے زائد تجارتی بحری جہاز بحفاظت گزرے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکی افواج خطے میں موجود ہیں اور بین الاقوامی سمندری گزرگاہوں میں آزادانہ اور محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل چوکس ہیں۔

سینٹکام نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے تجارتی ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر قانونی بندش کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق 20 جون کے دوران مجموعی طور پر 55 تجارتی جہازوں نے اس اہم آبی گزرگاہ کو عبور کیا، جن کے ذریعے تقریباً 1 کروڑ 70 لاکھ بیرل خام تیل اور دیگر تجارتی سامان عالمی منڈیوں تک پہنچایا گیا۔

بیان میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کی تازہ ایڈوائزری کا حوالہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ جہاز ایک مخصوص بین الاقوامی راستے کے ذریعے معمول کے مطابق سفر کر رہے ہیں اور سمندری نقل و حرکت پر کوئی غیر قانونی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر اور پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور مفاہمتی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے۔

دونوں فریقین کے متضاد دعوؤں کے باعث آبنائے ہرمز کی صورتحال کے حوالے سے غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔

Watch Live Public News