"دشمن  نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا،انہیں لگتا  تھاعوام 2 دن میں حکومت گرادیں گے"

(ویب ڈیسک ) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا تھا ۔ امریکا اور اسرائیل کو لگتا تھا کہ ایک یا دو دن کے حملوں کے بعد ایرانی عوام ایران میں حکومت کا تختہ الٹ دیں گے ۔ تاہم ان کے سارے اندازے غلط ثابت ہوئے۔

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا تحریری پیغام جاری کر دیا گیا۔مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی عوام کے درمیان اتحاد نے دشمن کی صفوں میں دراڑ پیدا کر دی ہے۔ دشمن نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا تھا ۔ امریکا اور اسرائیل کو لگتا تھا کہ ایک یا دو دن کے حملوں کے بعد ایرانی عوام ایران میں حکومت کا تختہ الٹ دیں گے  تاہم ان کے یہ سارے اندازے غلط ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے جنگ اِن بھیانک غلط اندازوں کے ساتھ شروع کی کہ ایران کی اعلیٰ قیادت اور کچھ بااثر فوجی شخصیات کے قتل سے وہ ایرانیوں کے دلوں میں خوف بھر دیں گے  اور اس طرح ان کا ایران پر قبضے اور ایران کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوجائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای  نے کہا کہ  اس کے بجائے ایرانیوں نے مذہبی، نظریاتی، ثقافتی اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا، جبکہ دوسری طرف دشمن کی صفوں میں دراڑیں پڑتی نظر آرہی ہیں۔یہ اتحاد اللّٰہ کی طرف سے نعمت ہے ہم آہنگی کو برقرار رکھیں، ایک سال میں ہمارے لوگوں نے تین فوجی اور حفاظتی جنگوں کا تجربہ کیا۔

انہوں نے   پاکستان اور   افغانستان میں مصالحت کروانے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ایران  کیلئے اس کے برادر پڑوسی ملک بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ایران اپنے دونوں برادر ملکوں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، ایران چاہتا ہے کہ مسلمان ملک آپس میں بہتر اور اچھے تعلقات قائم رکھیں۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے پیغام میں کہا کہ ایران نے ایک بار پھر عالمی استعمار کی مخالفت اور انتھک ہمت کا مظاہرہ کیا، ایران نے ایسی ضرب لگائی کہ دشمن سمجھ گیا کہ اس کا واسطہ صرف میزائلوں، ڈرونز سے نہیں۔ ایران کی فرنٹ لائن دشمن کے حقیر اور تنگ نظر تصور سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔

Watch Live Public News