پاک بھارت ڈی جی ایم اوز رابطہ، افواج کی پرانی پوزیشنوں پر واپسی پراتفاق

 پاک بھارت ڈی جی ایم اوز رابطہ، افواج کی پرانی پوزیشنوں پر واپسی پراتفاق
کیپشن:  پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ، افواج کی پرانی پوزیشنوں پر واپسی کا امکان

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز ( ڈی جی ایم اوز) کے درمیان حالیہ رابطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے گزشتہ روز رابطہ کیا جس میں مرحلہ وار افواج کو زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد لائن آف کنٹرول اور دیگر سرحدی علاقوں پر تناؤ کو کم کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام فوجی دستے 30 مئی تک معمول کی پوزیشن پر واپس چلے جائیں گے، جس کے لیے ایک مربوط اور مرحلہ وار منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت سیزفائر کے بعد ڈی جی ایم اوز کے درمیان تیسری گفتگو کا نتیجہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی رابطے کے فروغ اور امن کے قیام کی کوششوں کی عکاس ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، افواج کی نارمل پوزیشن پر واپسی نہ صرف زمینی کشیدگی میں کمی لانے میں مدد دے گی بلکہ مستقبل میں سفارتی روابط کی راہ بھی ہموار کرے گی۔

Watch Live Public News