لاس اینجلس: (ویب ڈسیک) امریکی ریاست کیلفورنیا سے تعلق رکھنے والی نرس جولی ایسے مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ہیں جو اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مرنے والوں کے بارے میں دل دہلا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔ جولی نامی یہ نرس سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک پر اپنے تجربات لوگوں سے شیئر کرتی رہتی ہیں۔ وہ گزشتہ پانچ سالوں سے ایسے مریضوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو یہ بتانے کی کوشش کرتی ہوں کہ
موت سے پہلے کسی مریض پر کیا گزرتی ہے؟ اور ان کی زبان پر آنے والے آخری الفاظ کیا ہوتے ہیں؟ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا وہ لگ بھگ 14 سالوں سے اس پیشے سے وابستہ ہیں لیکن
انتہائی نگہداشت میں رکھے گئے مریضوں کی دیکھ بھال کی ذؐمہ داری وہ گزشتہ پانچ سال سے نبھا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مرنے سے پہلے مریضوں کی جلد کی رنگت تبدیل ہو جاتی ہے، ان کا سانس اکھڑنا شروع ہو جاتا ہے جبکہ جسم کے مختلف اعضا سے رطوبتیں بھی خارج ہوتی ہیں۔ سننے والوں کیلئے یہ باتیں دل دہلا دینے والی یا غیر معمولی ہونگی لیکن میں جس شعبے سے وابستہ ہوں، اس میں یہ بالکل عام ہیں۔ خاتون نرس نے بتایا کہ مرنے سے پہلے بیشتر افراد اپنے والدین کو پکارتے ہیں یا ان کے الفاظ ہوتے ہیں کہ میں تم سے بے پناہ محبت کرتا ہوں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہ کہنا قطعی طور پر مشکل ہے کہ مرنے والا کیا محسوس کر رہا ہوتا ہے کیونکہ اس کا اندازہ لگانا انتہائی مشکل کام ہے۔ لیکن ان سب کی
موت سے قبل علامات ایک جیسی ہی ہوتی ہیں۔ زندگی کے اختتام پر ہمارا جسم اپنا خیال خود رکھتا ہے۔