پاکستان میں بدعنوانی سنگین چیلنج،معاشی ترقی متاثر،آئی ایم ایف رپورٹ جاری

پاکستان میں بدعنوانی سنگین چیلنج،معاشی ترقی متاثر،آئی ایم ایف رپورٹ جاری
کیپشن: پاکستان میں بدعنوانی سنگین چیلنج،معاشی ترقی متاثر،آئی ایم ایف رپورٹ جاری

ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے گورننس اینڈ کرپشن ڈائگناسٹک اسیسمنٹ رپورٹ جاری کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ملک میں بدعنوانی تاحال ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے جو معاشی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بدعنوانی کی وجہ سے ریاستی اداروں کا کنٹرول کمزور ہوتا ہے اور ٹیکسوں کا شفاف اور درست استعمال ممکن نہیں رہتا، جس سے مجموعی ٹیکس آمدن متاثر ہوتی ہے۔ ساتھ ہی قانونی نظام پر عوام کا اعتماد بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ بدعنوانی سرکاری کمپنیوں کو نقصان کی طرف دھکیلتی ہے، جبکہ پیچیدہ اور ضرورت سے زیادہ ریگولیشنز معیشت کی رفتار کو سست کر دیتی ہیں۔ ٹیکس اور کسٹم اہلکار اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا پاتے، جس سے نظامی کمزوری میں اضافہ ہوتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ضرورت سے زیادہ ریگولیشنز اور رکاوٹیں ہر شعبے کی ترقی کو متاثر کر رہی ہیں۔ اکثر معاملات عدالتوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں زیر التوا مقدمات کی وجہ سے فیصلے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کا براہِ راست اثر کاروباری ماحول اور معاشی سرگرمیوں پر پڑتا ہے۔

آئی ایم ایف نے سفارش کی ہے کہ پاکستان میں نظامی اصلاحات، شفافیت کے فروغ اور مؤثر حکمرانی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو سکے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو۔

Watch Live Public News