الیکشن کمیشن کا اشتعال انگیز بیان پر نوٹس، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا طلب

الیکشن کمیشن کا اشتعال انگیز بیان پر نوٹس، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا طلب
کیپشن: الیکشن کمیشن کا اشتعال انگیز بیان پر نوٹس، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا طلب

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے حویلیاں جلسے میں مبینہ دھمکی آمیز بیان پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، این اے 18 کے ضمنی انتخاب سے پی ٹی آئی امیدوار شہر ناز اور عمر ایوب کو کل طلب کر لیا۔

کمیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ نے جلسے میں انتظامیہ، پولیس اور الیکشن عملے کو دھمکایا جبکہ اسٹیج پر ایک مفرور مجرم کی موجودگی بھی تشویش کا باعث بنی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس طرزِ عمل سے حلقہ این اے 18 ہری پور میں پُرامن انتخاب متاثر ہونے اور افسران و ووٹرز کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ساتھ ہنگامی اجلاس کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ سکیورٹی اقدامات کی فوری رپورٹ طلب کر لی گئی۔ کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اشارہ بھی دے دیا۔

وزارتِ داخلہ کو وفاقی اداروں کی مدد سے حلقے میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور انتخابی عملے و انتخابی مواد کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ پُرامن انتخاب میں مداخلت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمشنر پنجاب کو بھی ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ نے موقف اختیار کیا کہ سہیل آفریدی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے صرف یہ کہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت پر قانون حرکت میں آئے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو دھمکی نہیں دی گئی، ایماندار افسران مکمل تحفظ میں ہیں اور صوبائی حکومت شفاف اور غیر جانبدارانہ ضمنی انتخابات یقینی بنائے گی۔

Watch Live Public News