ویب ڈیسک: وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک نے اگلےمون سون سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجادی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر لیگی رہنما نے خبردار کیا کہ بارشوں کا موجودہ اسپیل 10 ستمبر تک جاری رہے گا لیکن آئندہ مون سون زیادہ شدت والا ہوگا۔
انہوں نے پروگرام میں کہا کہ ہمیں اگلے مون سون کی تیاری آج سے شروع کردینی چاہیے کیونکہ آئندہ مون سون موجودہ سے زیادہ شدت والا ہوگا۔
مصدق ملک نے پختونخوا میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پہاڑوں سے قدرتی طور پر پتھر گرتے ہیں، چاہے پتھر توڑے نہ بھی جا رہے ہوں، جب کلاؤڈ بَرسٹ ہوتا ہے یا سیلاب آتا ہے، تو بڑے بڑے پتھر تنکوں کی طرح بہتے آتے ہیں۔ بالکل یہی بونیر میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب سیلاب کے راستے میں ہوٹل اور ریزورٹس آتے ہیں اور وہ ٹوٹتے ہیں تو وہ بھی پتھروں جیسے بن جاتے ہیں۔ یہ صرف اپنی چھت گرنے کا نقصان نہیں کرتے بلکہ ان کا کنکریٹ، بڑے بڑے گارڈر، نیچے کی بستیوں پر جا گرتے ہیں۔ یہی اصل تباہی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ نے بھی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کی ہے۔انہوں نےانکشاف کیا کہ کراچی کے نالوں کی ڈرینیج گنجائش 40 ملی میٹر ہے اس لیے وہ 200 ملی میٹر بارش کنٹرول نہیں کرسکتے۔
ماہر ماحولیات ڈاکٹر زینب نعیم نے اسلام آباد میں بونیر جیسے سیلاب کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں پر کرشنگ ہو رہی ہے اور کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔