ویب ڈیسک:لاہور میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہریز خان کا اغوا اور حملہ پر تحریک انصاف کا مذمتی بیان ، علیمہ خان کے بیٹے کا اغواء اور حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک بزدلانہ حرکت ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہریز خان کو بیڈ روم سے اغوا کر کے لے گئے، ملازمین پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، شاہریز خان کے دو کم سن بچوں کے سامنے زبردستی کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا، یہ حکومتی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔
گزشتہ روز شاہریز خان کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر آف لوڈ کیا گیا، شاہریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، صرف عمران خان کی بہن کا بیٹا ہونے کے باعث نشانہ بنایا گیا۔
یہ سب کچھ مریم نواز اور ان کی فسطائی حکومت کے حکم پر ہو رہا ہے،تم بانی پی ٹی آئی کو جھکا نہیں سکے، اب اس کی بہنوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہو؟ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہریز خان کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کرتی ہے، اگر شاہریز خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو عوامی غیظ و غضب کا طوفان روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔