توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر

توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر
توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 28 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی ۔پی ٹی آئی کے چیئرمین کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی ۔ سابق وزیر اعظم کے وکلاء کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے اعتراض کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کل لاہور ہائی کورٹ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوکرگئے تھے ۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائی کورٹ گئے، سکیورٹی کے باعث وقت لگا، اسلام آباد کچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے، عمران خان کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، ڈاکٹروں کی ہدایت اور سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے عمران خان نہیں آئے ہیں ، ان پر انسداد دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں ، 28 فروری کو عمران خان کا ایکس رے ہو جائےگا۔ معزز جج نے حیرانی کا اظہار کیا اورکہا کہ 28 فروری کو بھی ایکس رے ہونے ہیں؟ 9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں، ایسے ہی رہا تو ٹرائل لمبا ہی ہوتا چلا جائے گا ۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پمز سے طبی رپورٹ بنوا لیتے ہیں، عمران خان کی میڈیکو لیگل رپورٹ دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ لیں ، قانون کے مطابق کیس کی کاپیاں ملزم کو دی جاتی ہیں، عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں ہی عدالت نے طلب کر رکھا تھا، عمران خان کو ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ دیا جارہا ہے۔ جج نے عمران خان کے وکیل سےکہا کہ ہم مسلسل آپ لوگوں کی ہی مان رہے ہیں، صرف کاپیاں فراہم کرکے فرد جرم عائدکرنی ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلاء کو کاپیاں فراہم کرنےکی ہدایت کردی ہے ۔وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ پر آج اعتراض نہیں کریں گے ، اگلی سماعت پر عمران خان کی حاضری یقینی بنائیں ۔عدالت نےکہا کہ28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، عمران خان کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نےکیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی ہے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوایا تھا ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ٹرائل کورٹ عمران خان پرکرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے. توشہ خانہ ریفرنس الیکشن ایکٹ کےسیکشن 137 ،170 ،167 کے تحت بھجوایا گیا ہے ، ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شکایت منظور کرکے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سیکشن 167 اور 173 کے تحت سزا دے، ریفرنس میں 3 سال جیل اور جرمانےکی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔