ویب ڈیسک: گوگل نےآئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے آغاز پر خصوصی ڈوڈل جاری کر دیا، جو شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
یہ ڈوڈل شوخ اور جاذبِ نظر رنگوں، نمایاں اشکال اور تین جہتی انداز میں تیار کیا گیا ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز رفتاری، جوش اور سنسنی کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔
سات فروری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے دسویں ایڈیشن میں سپر ایٹ مرحلے کا آغاز آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ بیس ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ کو کرکٹ کی تاریخ کے سخت ترین مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی مرحلے میں ہی کئی حیران کن اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔
گروپ مرحلے میں نیدرلینڈز قومی کرکٹ ٹیم اور امریکا قومی کرکٹ ٹیم نے مضبوط ٹیموں کو سخت مقابلہ دیا، جبکہ انگلینڈ قومی کرکٹ ٹیم کو بھی غیر معروف ٹیموں کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح آسٹریلیا قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا اور زمبابوے سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی، جبکہ پہلی بار عالمی کپ میں جگہ بنانے والی اٹلی نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم گروپ مرحلے میں آسٹریلیا، سری لنکا اور عمان کے خلاف ناقابل شکست رہی، جبکہ آئرلینڈ کے خلاف اس کا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا۔
سپر ایٹ مرحلے کے گروپ اول میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں، جبکہ گروپ دوم میں پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ گروپ اول کی چاروں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہیں۔
دونوں گروپس سے سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل مقابلے چار اور پانچ مارچ کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل آٹھ مارچ کو احمد آباد یا کولمبو میں منعقد ہوگا۔