ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہ کھیلنے کے بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے یہ خط آئی سی سی کے بورڈ ممبران کو بھی بھجوا دیا ہے، جس کے بعد آئی سی سی نے معاملے پر غور کے لیے آج بورڈ میٹنگ طلب کر لی ہے۔ اجلاس میں بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کے میچز کے وینیو میں تبدیلی کا امکان کم ہے، تاہم پی سی بی نے بنگلادیش کے میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جانے سے انکار کر رکھا ہے اور آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں بھی وہ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔