آئی ایم ایف نےپاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کردی

آئی ایم ایف نےپاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کردی
کیپشن: آئی ایم ایف نےپاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کردی

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی شرح نمو کے تخمینے میں کمی کر دی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026 کے لیے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.6 فیصد سے کم کر کے 3.2 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ معاشی شرح نمو میں یہ کمی ملکی معیشت میں موجود مستقل ساختی کمزوریوں کی عکاسی کرتی ہے، جو اب بھی معاشی کارکردگی پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ تاہم فنڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ مالی سال 2027 میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو میں بہتری آ سکتی ہے اور یہ 4.1 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

ورلڈ اکنامک آؤٹ لک کی تازہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں جاری کیے گئے تخمینے کے مقابلے میں پاکستان کی معاشی شرح نمو میں 0.4 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مالی سال 2026 کے لیے شرح نمو 3.2 فیصد پر آ گئی ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھارت کی معاشی شرح نمو میں 0.2 فیصد اضافہ کرتے ہوئے مالی سال 2026 کے لیے اسے 6.4 فیصد برقرار رکھا ہے۔ ادھر قومی اقتصادی کونسل کی جانب سے پاکستان کی شرح نمو میں کمی کی تاحال سرکاری منظوری نہیں دی گئی۔

وزارتِ خزانہ کا مؤقف ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران مجموعی معاشی شرح نمو 4 فیصد کے قریب رہ سکتی ہے، تاہم حتمی تخمینہ دوسری سہ ماہی کے اعداد و شمار سے مشروط ہوگا۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے، تاہم امریکا میں مہنگائی کے ہدف تک واپسی سست روی کا شکار رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں پالیسی سازوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مالی ذخائر کی بحالی، قیمتوں اور مالی استحکام کو یقینی بنانے، غیر یقینی صورتحال میں کمی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ساختی اصلاحات پر توجہ دیں۔

Watch Live Public News