ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے، جو 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے اس سپیل کو پچھلی بارشوں سے زیادہ شدید قرار دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جھنگ، میانوالی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع جیسے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ راوی، چناب، ستلج، جہلم اور سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ تونسہ کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے جبکہ تربیلا، کالا باغ اور چشمہ میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق صوبائی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
واسا، ریسکیو اور دیگر محکموں کو نکاسی آب، مشینری کی دستیابی اور جنریٹرز کے بیک اپ سمیت تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور ممکنہ سیلابی علاقوں سے دور رہیں۔