WW2کے ہیرو اور مشہور ٹک ٹاکر 'پاپاجیک'102 برس کی عمر میں چل بسے

WW2کے ہیرو اور مشہور ٹک ٹاکر 'پاپاجیک'102 برس کی عمر میں چل بسے
کیپشن: WW2کے ہیرو اور مشہور ٹک ٹاکر 'پاپاجیک'102 برس کی عمر میں چل بسے

ویب ڈیسک: امریکی فوج کے تجربہ کار سپاہی اور سوشل میڈیا پر مشہور شخصیت جیک لارسن، جنہیں ’ پاپا جیک‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، 102 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم میں ڈی ڈے کے موقع پر نازی افواج کے خلاف شمالی فرانس میں اتحادیوں کے حملے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاپا جیک نے بعد ازاں سوشل میڈیا کو اپنایا اور TikTok پر 1.2 ملین سے زائد فالوورز بنا لیے، جہاں وہ جنگی یادیں اور اپنے ساتھیوں کی قربانیاں یاد کرتے رہے۔

محض تین ہفتے قبل انہیں معروف صحافی کرسچیان امان پور کے ساتھ مشترکہ انٹرویو پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، جو ڈی ڈے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔

ان کی نواسی مکائیلا لارسن نے TikTok پر بتایا کہ جیک لارسن 17 جولائی کو وفات پا گئے، لیکن "آخری وقت تک ہنسی مذاق کرتے رہے"۔ انہوں نے کہا، "میں شکر گزار ہوں کہ میں نے اپنے دادا کو دنیا کے ساتھ بانٹا۔ آپ سب ان کے لیے بہت اہم تھے۔"

مکائیلا نے پرائیویسی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’ پاپا جیک‘ کی کہانیاں شیئر کرتی رہیں گی تاکہ ان کی یاد زندہ رہے۔

لارسن نے ایک بار کہا تھا: "مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ TikTok کیا ہے، جب تک میری نواسی نے مجھے ویڈیو نہیں بھیجی۔"

جنگ کے دوران وہ نہ صرف ڈی ڈے میں شریک ہوئے بلکہ ’ بیٹل آف دی بلج‘ میں بھی امریکی فوج کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ جنگ کے آغاز میں، 19 برس کی عمر میں، وہ شمالی آئرلینڈ کے شہر لرگن میں تعینات تھے۔

حالیہ برسوں میں وہ ڈی ڈے کی یادگار تقریبات کے لیے کئی بار نورمانڈی کا دورہ کر چکے تھے۔

Watch Live Public News