برطانیہ کے نئے وزیراعظم نے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا

برطانیہ کے نئے وزیراعظم نے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا
کیپشن: برطانیہ کے نئے وزیراعظم نے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا

ویب ڈیسک: برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بڑے عوامی ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

برطانوی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم اکتوبر 2026 سے گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد 5 فیصد VAT کو ختم کرکے صفر کر دیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نئے آف جیم (Ofgem) پرائس کیپ کے نفاذ سے قبل نافذ کیا جائے گا تاکہ صارفین کو فوری مالی ریلیف مل سکے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس فیصلے سے ایک اوسط گھرانے کے سالانہ بجلی کے بل میں تقریباً 45 پاؤنڈ تک کمی آئے گی۔ یہ ریلیف گزشتہ بجٹ میں دیے گئے 150 پاؤنڈ کے انرجی سپورٹ پیکیج کے علاوہ ہوگا۔

وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ برطانوی عوام کئی برسوں سے مہنگائی اور بڑھتے ہوئے رہائشی اخراجات کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں، اس لیے نئی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کا مالی بوجھ کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں سے VAT کا خاتمہ نہ صرف لاکھوں خاندانوں کے اخراجات میں کمی لائے گا بلکہ معیشت میں عوامی اعتماد بھی بحال کرے گا اور مستقبل کے حوالے سے امید پیدا ہوگی۔

برطانیہ کے وزیر خزانہ جان ہیلی نے بتایا کہ اس اقدام کے اخراجات حکومت ڈیجیٹل آئی ڈی پروگرام منسوخ کرکے پورے کرے گی، جس پر آئندہ تین برسوں میں تقریباً ایک ارب 80 کروڑ پاؤنڈ خرچ ہونا تھا۔

حکومت کے مطابق رواں مالی سال میں اس ریلیف پیکیج پر تقریباً 85 کروڑ پاؤنڈ لاگت آئے گی، جبکہ آئندہ برسوں کے مالی انتظامات کا اعلان بجٹ میں کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے حکومتی مالیاتی اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو توقع ہے کہ تمام توانائی فراہم کرنے والی کمپنیاں VAT میں کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل کریں گی، جن میں فکسڈ ٹیرف استعمال کرنے والے صارفین بھی شامل ہیں۔

اس ریلیف سے گھریلو صارفین کے علاوہ گھریلو نرخوں پر بجلی استعمال کرنے والے بعض چھوٹے کاروبار، خیراتی ادارے اور رہائشی نگہداشت کے مراکز بھی مستفید ہوں گے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ روس۔یوکرین جنگ اور ایران میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو اخراجات میں نمایاں اضافہ کیا ہے، اسی تناظر میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ شمالی آئرلینڈ کے لیے مساوی مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہاں کے شہری بھی اس ریلیف سے یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔

Watch Live Public News