پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئےنامزد کرنے کی سفارش

پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئےنامزد کرنے کی سفارش
کیپشن: پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئےنامزد کرنے کی سفارش

ویب ڈیسک: پاکستان نے سال 2026 کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کی نامزدگی کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کی سفارتی کوششوں اور جنگ بندی میں کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کیا گیا۔

ایکس پر اپنے بیان میں حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ  بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی حالیہ جارحیت، جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے، ایک سنگین صورتحال تھی۔ اس حملے کے جواب میں پاکستان نے دفاعی حکمت عملی کے تحت 'آپریشن بنیان مرصوص' کا آغاز کیا۔ یہ آپریشن مخصوص اور نپی تلی کارروائی تھی جس میں دشمن کو مؤثر پیغام دیا گیا جبکہ بھارتی شہریوں کے جانی نقصان سے حتی الامکان گریز کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے اس نازک مرحلے پر بروقت مداخلت کی، اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ براہ راست سفارتی رابطے قائم کیے اور 10 مئی 2025 کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروانے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی اس کوشش سے نہ صرف خطے میں امن قائم ہوا بلکہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان ممکنہ تصادم بھی ٹل گیا۔

پاکستان نے صدر ٹرمپ کی کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل میں دلچسپی اور سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت اور عملی سفارت کاری نے 2025 کے بحران میں مؤثر کردار ادا کیا، اور پاکستان کو امید ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف بھارت و پاکستان میں جنگ بندی پر نوبل انعام نہیں دیا جانا چاہیے بلکہ روانڈا، کانگو، سربیا اور کوسوو میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر بھی سراہا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا، " نوبل انعام صرف لبرلز کو ملتا ہے، مجھے یہ لوگ کبھی نہیں دیں گے۔"

حکومتِ پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں سفارتی کوششیں نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

Watch Live Public News