بلاول! خدا کیلئے بڑے ہو جائیں، شاہ محمود قریشی

بلاول! خدا کیلئے بڑے ہو جائیں، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے کہا ہے کہ بلاول! خدا کیلئے بڑے ہو جائیں۔ مجھے ان کی بہت سی باتوں پر ہنسی آتی ہے، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ وہ سیکھ ہی جائیں گے۔ اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کا اعزاز وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کا ثمر ہے۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ کاوشیں کسی ایک جماعت کی نہیں، پاکستان کی ہیں۔ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کیلئے ہر حکومت نے اپنے اپنے دور میں کردار ادا کیا ہے لیکن 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی کا شرف ہمیں حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے رہنمائی چاہتے ہیں۔ یہ بھی رہنمائی لیں گے کہ کیا یہ ممبران تاحیات نااہل ہوں گے؟ اگر وہ تاحیات نااہل ہو سکتے ہیں تو انہیں یہ قدم اٹھانے سے پہلے باردگر سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی کمیٹی کے اجلاس مسلسل ہو رہے ہیں۔ آج بھی وزیراعظم کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ ہم تصادم نہیں چاہتے۔ کسی ممبر کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سے نہیں روکیں گے۔ ہم عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی طریقے سے کریں گے۔ نمبرز پورے کرنے کی ذمہ داری اپوزیشن کی ہے۔ اپوزیشن نمبرز پورے کرنے کیلئے ضمیر فروشی پر اتر چکی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کل او آئی سی کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کو منتقل ہو جائے گی۔ اس اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہمیں دو طرفہ ملاقاتوں کا موقع بھی میسر آئے گا۔ آج میری ان چار پانچ وزرائے خارجہ، جو اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف لا چکے ہیں ان کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس اور ملکی سیاسی صورتحال پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ بطورمہمان خصوصی آج تشریف لا رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان اس اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے۔ امہ کو درپیش سلگتے ہوئے ایشوز زیر بحث آئیں گے۔ 100 سے زائد قراردادیں زیر بحث آئیں گی۔ او آئی سی کے اجلاس میں تشریف لانے والے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو نیشنل ڈے پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ انشاء اللہ پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔