پردیسیوں کو گھر پہنچانے کا مشن، پاکستان ریلوے عید پر 4 خصوصی ٹرینیں چلائے گی

پردیسیوں کو گھر پہنچانے کا مشن، پاکستان ریلوے عید پر 4 خصوصی ٹرینیں چلائے گی
کیپشن: On a mission to bring foreigners home, Pakistan Railways will run 4 special trains on Eid

ویب ڈیسک: پردیسیوں کو گھر پہنچانے کا مشن، پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے مسافروں کو ریلیف دینے کے لیے عید اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں تو عید پر ریلوے کرایوں میں بھی کمی کی جائے گی۔

عامر علی بلوچ نے ریلوے کے تقریباً 50 فیصد اخراجات کو پورا کرنے میں کوئلے کی نقل و حمل کے کردار پر بھی زور دیا اور ریلوے نظام کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ریلوے کو بہتر بنانے بشمول ٹریک کی بحالی اور منافع بخش ٹرینوں کی بحالی میں تعاون کا اعتراف کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے ہر سال عید کے موقع پر خصوصی عید ٹرینیں چلائی جاتی ہیں کیونکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ریلوے کی طرف سے اضافی ٹرینیں چلانے اور کرائے میں رعایت کی وجہ سے بڑی تعداد میں شہری خصوصی ٹرینوں سے سفر کرتے ہیں۔