ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کنال روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک گاڑی نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں تین نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کا کہناہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ یہ حادثہ ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب پیش آیا۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ کار میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لاشوں کو نہر سے نکال کر ابتدائی طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 16 سالہ حمزہ علی، 18 سالہ محمد علی (رہائشی لیک سٹی) اور 16 سالہ مصطفیٰ شامل ہیں۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے علاقے کو سیل کر کے واقعے کی مزید چھان بین شروع کر دی ہے۔