(ویب ڈیسک ) پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کروانے میں بی ایل اے کی سہولت کاری بےنقاب ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سپانسرڈ پراکسیز پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے لگیں، 10 مئی 2025ءکے بعد بھارت کے مختلف نامی اور بی نامی سوشل میڈیا ہینڈلزر نے بلوچستان پر حملوں کی دھمکیاں دیں۔
سیکیورٹی ذائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ کالعدم بی ایل اے کے ذریعے بھارت، بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے میں سرگرم ہے، 21 مئی کو خضدار میں بی ایل اے کا اسکول بس پر بزدلانہ ، خودکش حملہ اسی سازش کی کڑی ہے، دہشتگرد حملے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ متعدد بچے شدید زخمی ہیں ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مودی حکومت بھارتی عوام کی اپنی شکست سے توجہ ہٹانے کے لئے پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی متعدد پریس بریفنگز میں بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد منظر عام پر لائے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے زیر سرپرستی ریاست راجستھان میں پاکستان میں دہشتگردوں کی تربیت کیلئے 21 کیمپ موجود ہیں، بھارتی جاسوس کلبھو شن یادیو کا پاکستان میں دہشتگردی کی سہولت کاری کا واضح اعتراف موجود ہے، جعفر ایکسپریس حملہ میں دہشتگرد بھارتی سہولت کاروں سے افغانستان میں را بطے میں تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی سیاسی قیادت اور بھارتی میڈیا پاکستان میں بی ایل اے جیسےدہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشتگردی پوری طرح بے نقاب ہو چکی ہے، بھارت سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان، بھارتی دہشتگردی کی ہر شکل کو پاکستان سے جڑ سے اکھاڑے کر رہے گا۔