اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) کا فیصلہ آج ہی چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف آج ہی ہائیکورٹ جارہے ہیں، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی،انہوں نے کہا کہ فیصلے کے خلاف آج ہی پٹیشن دائر کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ یہ عمران خان پر نہیں، پاکستان کے آئین پر حملہ ہے، الیکشن کمیشن نے شرم ناک فیصلہ دیا۔ جس طرح آج یہ فیصلہ ہوا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر پی ڈی ایم میں شامل کیوں نہیں جاتا؟۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔ یہ پاکستان کے آئین پر حملہ اور نواز شریف کا لکھا ہوا فیصلہ ہے، الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ پاکستان کے اداروں پر حملہ ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہوتا کون ہے یہ فیصلہ کرنے والا!، عوام سے اپیل کرتا ہوں اپنے حق کے لیے باہر نکلے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے، پی ٹی آئی اور عوام اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ اس موقع پر شہباز گل نے کہا کہ یہ فیصلہ نواز شریف نے لکھا اور ان کے ذاتی ملازم نے دستخط کر کے سنایا، عوام اس فیصلے کو ہر لحاظ سے مسترد کرتے ہیں۔