کراچی کی شیرنی''رانی''نے پاک بھارت میچ کا نتیجہ بتادیا

کراچی کی شیرنی''رانی''نے پاک بھارت میچ کا نتیجہ بتادیا
کیپشن: کراچی کی شیرنی''رانی''نے پاک بھارت میچ کا نتیجہ بتادیا

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے، اور اس بڑے مقابلے سے قبل ایک دلچسپ پیش گوئی منظر عام پر آئی ہے جس نے شائقین کرکٹ کا جوش مزید بڑھا دیا ہے۔ کراچی چڑیا گھر میں جنوبی افریقا سے لائی گئی رانی نامی شیرنی نے پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح کی پیش گوئی کر دی ہے۔

چڑیا گھر کے عملے کے مطابق رانی کے دیکھ بھال کرنے والے ورکر نے بتایا کہ میچ سے قبل ایک خصوصی سرگرمی کے دوران شیرنی کو دو مختلف کھانے کے ڈبے پیش کیے گئے جن پر پاکستان اور بھارت کے جھنڈے لگائے گئے تھے۔ رانی نے بلا جھجک سبز ہلالی پرچم والے ڈبے کو منتخب کیا، جسے دیکھ کر وہاں موجود شائقین نے پاکستان کی کامیابی کا جشن منانا شروع کر دیا۔ ورکر نے دعویٰ کیا کہ رانی نے اشارہ دے دیا ہے کہ آج کے اہم میچ میں گرین شرٹس میدان ماریں گے۔

یہ پیش گوئی اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستانی ٹیم نے ہفتے کے روز دبئی میں واقع آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں تین گھنٹے کی بھرپور پریکٹس سیشن مکمل کیا۔ اس دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کے لیے پہنچے، جہاں انہوں نے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ قومی کھلاڑی بھارت کے خلاف شاندار کھیل پیش کریں گے۔

 پاکستانی شائقین کے لیے یہ حوصلہ افزا خبر ہے کیونکہ گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب سپر فور میں گرین شرٹس کو ایونٹ میں آگے بڑھنے کے لیے فتح کی اشد ضرورت ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ آج ہونے والے میچ کے میچ ریفری وہی اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے جو حالیہ دنوں میں ہینڈ شیک تنازع کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اس پس منظر میں کراچی کی شیرنی رانی کی یہ پیش گوئی پاکستانی شائقین کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے، جو پہلے ہی اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی کے لیے پرجوش ہیں۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا رانی کی پیشن گوئی درست ثابت ہوتی ہے یا نہیں، لیکن اس نے میچ سے پہلے کے ماحول کو ضرور مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

Watch Live Public News