خطرناک ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ: ایس ایچ او شدید زخمی، اسپتال منتقل

خطرناک ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ: ایس ایچ او شدید زخمی، اسپتال منتقل
کیپشن: Police encounter with dangerous robbers: SHO seriously injured, shifted to hospital

ویب ڈیسک: منڈی بہاؤالدین کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین تھانہ صدر کے علاقہ ڈھوک سہارن میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دوران ایس ایچ او شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ سب انسپکٹر حسن حمزہ گردن پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں گجرات ریفر کردیا گیا ہے۔ 

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ درجنوں مقدمات میں ملوث دو انتہائی خطرناک مجرمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت جابر الیاس اور ریاض احمد کے نام سے ہوئی۔ ملزمان قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں ملوث تھے۔ 

دوسری جانب ڈسڑکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی نے شدید زخمی ایس ایچ او حسن حمزہ کی عیادت کی۔ ڈی پی او نے شدید زخمی انسپکٹر حسن حمزہ کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

اسپتال ذرائع کے مطابق شدید زخمی ایس ایچ او کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔