ہارورڈیونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

ہارورڈیونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا
کیپشن: ہارورڈیونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک: امریکا کی قدیم تعلیمی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی نے وفاقی فنڈنگ کی معطلی کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کا مؤقف ہے کہ حکومت تعلیم اور تحقیق کی خودمختاری پر سیاسی دباؤ ڈال رہی ہے۔

یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ہارورڈ نے انتظامیہ کی تنوع پالیسیوں میں تبدیلی اور یہود مخالف رویوں سے نمٹنے کے متنازع اقدامات کو مسترد کیا۔ اس ردعمل کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی امداد معطل کر دی، ساتھ ہی ادارے کی ٹیکس فری حیثیت ختم کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

"حکومتی مداخلت کے نتائج خطرناک ہوں گے": ہارورڈ
ہارورڈ کے عبوری صدر ایلن ایم گاربر نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ "حکومتی مداخلت کی یہ روش خطرناک اور دیرپا اثرات کی حامل ہو سکتی ہے۔" یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ فنڈز کی معطلی سے کینسر، الزائمر اور پارکنسنز جیسی جان لیوا بیماریوں پر ہونے والی تحقیق بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

ہارورڈ نے عدالت کو بتایا کہ حکومت اس امداد کو دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے تاکہ ادارے کی خودمختاری کو کمزور کیا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کا سخت ردعمل
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہیرسن فیلڈز نے بیان میں کہا کہ " ہارورڈ جیسے ادارے وفاقی فنڈز سے اپنے افسران کو شاہانہ مراعات دیتے ہیں۔ یہ امداد ایک حق نہیں بلکہ سہولت ہے، جس کے لیے بنیادی شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔"

انتظامیہ نے ہارورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے نصاب، داخلوں اور بھرتی کے ڈیٹا پر حکومتی آڈٹ کی اجازت دے، تاہم ہارورڈ نے ان مطالبات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

دیگر جامعات بھی زد میں
ہارورڈ اس وقت واحد ادارہ نہیں جسے حکومتی دباؤ کا سامنا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے دیگر آئیوی لیگ یونیورسٹیوں کی فنڈنگ بھی روک دی ہے، جن میں کارنیل یونیورسٹی (1 ارب ڈالر)، براؤن یونیورسٹی (510 ملین ڈالر)، اور کولمبیا یونیورسٹی (400 ملین ڈالر) شامل ہیں۔ کولمبیا نے بعد ازاں بعض حکومتی مطالبات تسلیم کر لیے تھے۔

ہارورڈ کے وکلا نے 14 اپریل کو حکام کو مطلع کیا کہ "ادارہ نہ تو اپنی خودمختاری ترک کرے گا، نہ ہی اپنے آئینی حقوق سے پیچھے ہٹے گا۔ کوئی بھی نجی یونیورسٹی خود کو حکومتی قبضے میں نہیں دے سکتی۔"

اوباما کی حمایت
سابق امریکی صدر اور ہارورڈ کے سابق طالبعلم باراک اوباما نے اس صورتحال میں ہارورڈ یونیورسٹی کی کھل کر حمایت کی ہے، اور اسے تعلیمی آزادی کا اہم معاملہ قرار دیا ہے۔

Watch Live Public News